لاہور میں خطرناک ڈرائیونگ کرنے والوں کی خیر نہیں، ڈرفٹنگ اور ون ویلنگ پر مقدمات درج

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سڑکوں کو ریسنگ ٹریک سمجھنے والوں کے خلاف لاہور ٹریفک پولیس نے بڑا کریک ڈاؤن شروع کردیا، جبکہ سی ٹی او لاہور نے ڈرفٹنگ، ون ویلنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز کی بنیاد پر بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ زگ زیگ ڈرائیونگ، روڈ بلاکنگ، ڈرفٹنگ اور خطرناک کرتب دکھانے والوں کے خلاف مقدمات کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق ویڈیوز کی مدد سے ڈرائیورز اور گاڑیوں کی شناخت کرکے ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق مختلف واقعات میں تھانہ فیکٹری ایریا، تھانہ نارتھ کینٹ اور تھانہ سبزہ زار میں 3 مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا کہ شہریوں کی جانیں خطرے میں ڈالنے والوں کے صرف چالان نہیں بلکہ مقدمات درج کیے جائیں گے۔ ون ویلنگ، ڈرفٹنگ، روڈ ریج اور خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری ہے۔

انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کی صلاحیتوں کو خطرناک سرگرمیوں کے بجائے تعمیری اور مثبت کاموں میں استعمال کرنے کی ترغیب دیں۔

لاہور ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ روڈ ریج، روڈ بلاکنگ، ہلڑبازی، ون ویلنگ اور ڈرفٹنگ کی ویڈیوز 03225638888 پر واٹس ایپ کی جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button