امریکا میں طوفانی بارش اور سیلاب کی تباہ کاریاں، انڈیانا میں 6 افراد ہلاک

انڈیانا (ویب ڈیسک) امریکی ریاست انڈیانا میں شدید طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 3 خواتین، 2 مرد اور 4 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔

شدید بارشوں کے باعث متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، گھر اور سڑکیں زیرِ آب آگئیں جبکہ کئی مقامات پر کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ امدادی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں ریسکیو آپریشن بھی کیا۔

دوسری جانب ہوائی میں سمندری طوفان لالا کے باعث تیز ہواؤں اور شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔ طوفان کے نتیجے میں ریاست میں 40 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوگئے، جبکہ حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

امریکی نیشنل ہریکین سینٹر نے ہوائی میں خطرناک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے سے خبردار کیا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں شدید بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button