اپنی حد میں رہیں،گووندا نے اہلیہ سنیتا کو خبردار کردیا

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ کے سینئر اداکار گووندا نے اپنی اہلیہ سونیتا آہوجا کے اپنے بارے میں شوگر ڈیڈی والے طنزیہ تبصرے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کردیا اور کہا کہ وہ اپنی حد میں رہیں۔

واضح رہے کہ 63 سالہ گووندا حال ہی میں ممبئی ایئرپورٹ پر ایک نوجوان اداکارہ کے ساتھ نظر آئے، جس کے بعد سے سوشل میڈیا پر انکے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ وہ لڑکی ان کی گرل فرینڈ ہیں۔

گووندا کی اہلیہ سونیتا آہوجا نے اس ویڈیو پر اپنے دوٹوک ردعمل میں گووندا کو شوگر ڈیڈی قرار دیا۔

بعدازاں گووندا نے ایک پاپارازی سے گفتگو کرتے ہوئے سونیتا کے تبصروں پر تنقید کی اور الزام لگایا کہ سونیتا نے اپنے فائدے کے لیے انہیں کوکنگ شو اور لاک اَپ دونوں میں بلانے کی کوشش کی اور کہا کہ ایسا کرنا ان کا حق تھا۔

گوندا کے مطابق جب میں نے ایک فلم شروع کی تو انھوں نے لوگوں کی نظروں میں میری عزت خراب کرنے، مجھے بدنام کرنے یا میرے کاروبار کو نقصان پہنچانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں سے لوگ فلم انڈسٹری میں آتے ہیں۔ براہِ کرم انہیں اس حد تک ذلیل یا بدنام نہ کریں کہ وہ انڈسٹری چھوڑنے یا خوفزدہ ہونے پر مجبور ہوجائیں۔

گووندا نے مزید کہا کہ خدا نے آپ کو صلاحیت، طاقت، دولت اور عزت سب کچھ دیا ہے۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ ایسے شخص کو ذلیل کریں جس کے پاس یہ چیزیں نہیں ہیں۔ یہ آپ کو زیب نہیں دیتا۔

انھوں نے کہا پورے ملک کے اداکاروں نے نوجوان اداکاراؤں کے ساتھ کام کیا ہے۔ انہیں اچھی فلمیں، شہرت اور عزت ملی اور انہیں نوجوان اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کے مواقع بھی ملے، اسی لیے وہ جوان نظر آتے رہتے ہیں۔ آپ نہیں چاہتیں کہ میں جوان نظر آؤں۔

گوندا نے کہا آپ کے پیچھے جو گروپ اور گینگ ہے، اس سے سب واقف ہیں اور وہ جلد ہی کھل کر سامنے آ جائے گا۔ مستقبل میں آپ کو میری ضرورت بھی پڑ سکتی ہے، اس لیے ایسے بیانات دے کر اور یہ پوڈکاسٹ چلا کر میری بے عزتی کرنا بند کریں اور اپنی حد میں رہیں۔

سونیتا نے گووندا کی اداکارہ کومل رانی سوارنکر کے ساتھ تصاویر اور ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پہلے تصویر تو بننے دو۔ فلم بننے کے بعد پروموشن ہوتی ہے۔ لیکن پروموشن کے بغیر ،اب میں کیا کہوں؟ وہ اپنی بیٹی کی عمر کی لڑکی کے ساتھ گھوم رہا ہے، اسے شرم آنی چاہیے۔ اس کا کوئی معیار ہونا چاہیے۔ تمہارا شوگر ڈیڈی اتنا امیر ہے، کم از کم ٹھیک سے لباس تو پہن لیا کرو۔ ہمیں دیکھو، ہم کتنے اسٹائلش کپڑے پہنتے ہیں۔ ان کا دماغ خراب ہوگیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گووندا اپنی آنے والی فلموں روپا اور دنیاداری میں کومل رانی کے ساتھ اداکاری کریں گے۔ گووندا اور سونیتا کی شادی 1987 میں ہوئی تھی اور ان کے دو بچے، ٹینا اور یش وردھن ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button