ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے دفاعی معاہدے میں مزید ممالک کی شمولیت کا امکان ہے، ترک صدر رجب اردوان

انقرہ (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان حال ہی میں طے پانے والا دفاعی معاہدہ صرف تین ممالک تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ مستقبل میں مزید ممالک کو بھی اس میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

ترک صدر نے عرب اخبار الشرق الاوسط کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اس دفاعی معاہدے کے حوالے سے ترکیہ کا وژن صرف تین ممالک تک محدود نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے یہ معاہدہ مزید وسعت اختیار کرے گا اور مستقبل میں خطے کے تمام ممالک اس کے دائرۂ کار میں شامل ہو سکتے ہیں۔

رجب طیب اردوان نے کہا کہ ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعاون خطے میں دفاعی و سکیورٹی روابط کو مضبوط بنانے کی بنیاد فراہم کر سکتا ہے۔

دوسری جانب ترک وزیر خارجہ حقان فیدان پہلے ہی عندیہ دے چکے ہیں کہ مصر بھی آئندہ مرحلے میں اس دفاعی معاہدے کا حصہ بن سکتا ہے۔ انادولو ایجنسی سے گفتگو میں حقان فیدان کا کہنا تھا کہ مصر کی شمولیت کی راہ میں صرف چند تکنیکی امور رکاوٹ ہیں۔

تاہم مصر کی جانب سے تاحال اس معاہدے میں شمولیت یا ترک وزیر خارجہ کے بیان پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

ترک وزیر خارجہ حقان فیدان کے آئندہ دنوں میں قاہرہ کا دورہ کرنے کا بھی امکان ہے، جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون سمیت علاقائی سکیورٹی امور پر بات چیت متوقع ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر مزید ممالک اس دفاعی تعاون میں شامل ہوتے ہیں تو یہ اقدام مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں علاقائی دفاعی تعاون کے ایک نئے فریم ورک کی تشکیل کا باعث بن سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button