مال روڈ واقعہ 27 ستمبر کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے، دوبارہ ایسا ہوا تو حملہ آور کے ہاتھ کاٹ دیں گے، طلال چوہدری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ راولپنڈی کے مال روڈ پر پیش آنے والا واقعہ اس بات کا اشارہ ہے کہ 27 ستمبر کو بھی ایسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، تاہم حکومت ملک کو سیاسی عدم استحکام کا شکار نہیں ہونے دے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ اگر دوبارہ ایسا حملہ ہوا تو حملہ آور کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کے بقول نفرت اور انتشار ہی کی وجہ سے 9 مئی کا واقعہ پیش آیا اور اسی طرز کی صورتحال مال روڈ پر بھی دیکھنے میں آئی۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیانات اور تقاریر میں نفرت اور انتشار کو فروغ دیا جاتا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر ایسی پوسٹس بھی سامنے آتی ہیں جن میں شہداء کی تضحیک کی جاتی ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کو واضح طور پر کہا گیا ہے کہ نفرت اور انتشار کی سیاست سے گریز کرے اور نوجوانوں کے ذہنوں میں نفرت نہ بھری جائے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت یہ کہہ کر بری الذمہ نہیں ہوسکتی کہ مال روڈ واقعے میں ملوث کارکن سے ان کا کوئی تعلق نہیں، کیونکہ دوسری جانب پارٹی کی جانب سے اسی شخص کا دفاع بھی کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق مذکورہ کارکن خیبرپختونخوا ہاؤس میں رہتا رہا اور پارٹی قیادت سے ملاقاتیں بھی کرتا رہا۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی آہستہ آہستہ خود کو ہی مائنس کر رہی ہے، جبکہ راولپنڈی مال روڈ واقعے کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات جاری ہیں اور تحقیقات کے نتائج سامنے لائے جائیں گے۔



