پاکستان اور بیلاروس کا اقتصادی و تجارتی تعاون نئی سطح پر لے جانے پر اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان اور بیلاروس نے دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون مزید بڑھانے، تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور مختلف شعبوں میں روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان، بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کے نویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، تعاون اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں، جبکہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی روابط کو نئی سطح پر لے جانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس نے زراعت، صنعت، توانائی، ٹیکنالوجی، دفاع، صحت اور فارماسیوٹیکل سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام اور ترجیحی تجارتی نظام کے حوالے سے فزیبلٹی اسٹڈی سے دونوں ممالک کے درمیان نئی تجارتی اور سرمایہ کاری کی راہیں کھلیں گی۔

وفاقی وزیر تجارت کے مطابق اجلاس میں دستخط کیے جانے والا پروٹوکول دونوں ممالک کے درمیان شعبہ وار تعاون کے لیے ایک جامع روڈ میپ فراہم کرتا ہے۔ ہنرمند افرادی قوت، اسکلز ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل معیشت اور چھوٹے و درمیانے کاروبار کے فروغ میں بھی تعاون بڑھایا جائے گا۔

جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کی دوستی باہمی احترام، مشترکہ خوشحالی اور تعاون کے عزم کے ساتھ مزید مستحکم ہوگی، جبکہ پاکستان مشترکہ وزارتی کمیشن کے دسویں اجلاس کا منتظر ہے۔

مزید خبریں

Back to top button