عمران خان کا اکبر ایس بابر کو اہم پیغام، بانی اراکین اور ناراض رہنماؤں کو دوبارہ متحد کرنے کی خواہش

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے اڈیالہ جیل سے پارٹی کے سابق دیرینہ ساتھی اور بانی رکن اکبر ایس بابر کے نام اہم پیغام بھجوایا ہے، جس میں پی ٹی آئی کے ابتدائی دور کے ساتھیوں، نظریاتی کارکنوں، بانی اراکین اور ناراض رہنماؤں کو دوبارہ ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔

اکبر ایس بابر نے عمران خان کی جانب سے پیغام موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پیغام جیل میں موجود عمران خان کے ایک دیرینہ دوست کے ذریعے ان تک پہنچا۔

ان کے مطابق عمران خان نے پیغام میں کہا کہ جب بھی جیل سے باہر آیا تو سب سے پہلے اکبر ایس بابر کے گھر جاؤں گا۔

اکبر ایس بابر کے مطابق پی ٹی آئی کے بانی اراکین نے حال ہی میں ایک پلیٹ فارم تشکیل دیا ہے، جس کے قیام کے بعد اس کے تین ابتدائی اجلاس بھی منعقد ہوچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس پلیٹ فارم کا مقصد پی ٹی آئی کے ان تمام بانی اراکین، نظریاتی شخصیات، ناراض رہنماؤں اور کارکنوں کو دوبارہ متحد کرنا ہے جو جماعت کے ابتدائی دور میں عمران خان کے ساتھ کھڑے رہے۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ بانی اراکین کی جانب سے آئندہ ماہ لاہور میں ایک کنونشن بھی منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں پی ٹی آئی کے بانی اراکین، نظریاتی کارکنوں اور ماضی میں پارٹی سے وابستہ رہنے والی اہم شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ابتدائی دور میں جو لوگ اس وقت عمران خان کے ساتھ کھڑے تھے جب اقتدار کے حصول کے امکانات انتہائی محدود دکھائی دیتے تھے، ان تمام افراد کو دوبارہ ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button