چوک چڈھر میں مسلح افراد کی فائرنگ، سردار میر عالمگیر خان دو سیکیورٹی گارڈز سمیت جاں بحق

گھوٹکی (رپورٹ: وجی کمار چاولہ\جانوڈاٹ پی کے) پنجاب کے علاقے چوک چڈھر میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں سردار میر عالمگیر خان کوش اپنے دو سیکیورٹی گارڈز سمیت جاں بحق ہوگئے، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس جبکہ سوگ کی فضا پھیل گئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق سردار میر عالمگیر خان اپنے دو سیکیورٹی گارڈز کے ہمراہ چوک چڈھر کے علاقے سے گزر رہے تھے کہ مسلح افراد نے اچانک ان پر فائرنگ کردی۔ گولیاں لگنے کے باعث سردار میر عالمگیر خان اور ان کے دونوں سیکیورٹی گارڈز موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

سردار میر عالمگیر خان کوش علاقے کی بااثر قبائلی شخصیات میں شمار کیے جاتے تھے۔ مقامی افراد کے مطابق کچے کے علاقے میں امن و امان کے قیام، قبائلی تنازعات کے خاتمے اور مختلف فریقین کے درمیان صلح کرانے میں ان کا اہم کردار رہا۔

ان کی ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی رشتہ داروں، دوستوں، ہمدردوں، سیاسی و سماجی اور قبائلی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی، جبکہ ورثاء اور قریبی عزیزوں میں کہرام مچ گیا۔

اہل علاقہ نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث حملہ آوروں کو فوری گرفتار کرکے قتل کی اصل وجوہات سامنے لائی جائیں اور مقتولین کے ورثاء کو انصاف فراہم کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button