پاکستان سے تعلقات مزید مضبوط کرنے کیلئے تیار ہیں، ایرانی صدر، محسن نقوی سے ملاقات

تہران (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک)وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات مزید بڑھانے اور مشترکہ تعاون کی راہ ہموار کرنے کے لیے تیار ہے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات علاقائی سکیورٹی اور استحکام میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور تعاون گہرا کرنے سے دونوں ممالک کے باہمی مفادات یقینی ہوں گے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر پاکستانی حکام کی ایران کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے میں دلچسپی اور محبت قابلِ قدر ہے، ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے میں سنجیدہ ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مضبوط، دیرینہ اور ناقابلِ ٹوٹ ہیں۔ اسلام آباد تہران کے ساتھ تعلقات کو جامع انداز میں مزید وسعت دینے کے لیے انتہائی سنجیدہ عزم کے ساتھ اقدامات کر رہا ہے۔



