نوجوان تاجر میر رضا قتل کیس میں اہم پیش رفت، نئی تحقیقاتی ٹیم کا جائے وقوعہ کا معائنہ

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) نوجوان تاجر میر رضا قتل کیس کی تحقیقات میں پیش رفت کے لیے تشکیل دی گئی نئی تحقیقاتی ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کرکے شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم کے ہمراہ مقتول میر رضا کے والدین بھی جائے وقوعہ پر موجود تھے، جبکہ ٹیم کے رکن ایس ایس پی علی رضا نے جائے وقوعہ اور اس کے اطراف کا معائنہ کیا۔
پولیس حکام نے اس مقام کا بھی جائزہ لیا جہاں سے میر رضا کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ اس دوران لاش کی نشاندہی کرنے والے نرسری کے ملازم سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق نرسری کے مالی یاسر نے پولیس کو واقعے سے متعلق اہم معلومات فراہم کیں، جنہیں تحقیقات کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔
تحقیقاتی ٹیم نے جائے وقوعہ اور ملحقہ علاقوں کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے مختلف شواہد محفوظ کیے، جبکہ اہم مقامات کی تصاویر بھی بنائی گئیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والے شواہد کو دیگر معلومات کے ساتھ ملا کر تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔



