اسلام آباد پولیسنگ میں جدید ٹیکنالوجی کا انقلاب، چین ماڈل پر لا انفورسمنٹ انویسٹی گیشن سنٹر بنانے کا اعلان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین اور ترکیہ سے جدید تربیتی کورس مکمل کر کے واپس آنے والے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (اے ایس پیز) نے ملاقات کی، جس میں جدید پولیسنگ کے تجربات اور اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اے ایس پیز نے چین اور ترکیہ میں جدید پولیسنگ، سرویلنس سسٹمز، ٹیکنالوجی کے استعمال، جدید آلات اور امن و امان کے انتظام سے متعلق اپنے مشاہدات سے وزیر داخلہ کو آگاہ کیا۔

محسن نقوی نے غیر ملکی تربیتی پروگرامز کو پولیس افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ ایسے تربیتی پروگرامز کو پولیس افسران کی مستقل تربیت کا حصہ بنایا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں چین کی طرز پر لا انفورسمنٹ انویسٹی گیشن سنٹر کے قیام کے لیے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا، جہاں ڈیٹنشن، انویسٹی گیشن اور سمری ٹرائل کی سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اس سنٹر کے ذریعے معمولی نوعیت کے جرائم کے مقدمات کا فوری اور مؤثر تصفیہ ممکن بنایا جائے گا، جبکہ دنیا کے کامیاب پولیسنگ ماڈلز سے استفادہ کرتے ہوئے پاکستان کے پولیس نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی اور سرویلنس سسٹمز کے ذریعے نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ جرائم کی روک تھام کے لیے وزارت داخلہ کے ایوی ایشن ونگ میں جدید ڈرونز شامل کیے جائیں گے، جبکہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں خصوصی انویسٹی گیشن رومز بھی قائم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جدید پولیسنگ کی ضروریات کے مطابق خصوصی تفتیشی تربیت پر توجہ دی جائے گی، جبکہ انٹیروگیشن کو بطور خصوصی مضمون شامل کیا جائے گا اور ترقی یافتہ ممالک کی جدید تکنیکس پولیس تربیت کا حصہ بنائی جائیں گی۔

ملاقات میں کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈی جی ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

Back to top button