پنجاب میں قانونی و انتظامی اصلاحات کا آغاز، حکومت نے اعلیٰ سطحی ریفارمز کمیٹی قائم کر دی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب حکومت نے قانونی، انتظامی اور گورننس نظام میں بہتری کے لیے اعلیٰ سطحی ریفارمز کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جبکہ ریفارمز ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بیرسٹر ظفراللہ خان کو ریفارمز کمیٹی کا چیئرمین و کنونیئر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب اور سیکرٹری قانون کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق ریفارمز کمیٹی وزیراعلیٰ پنجاب کو قانونی، انتظامی اور گورننس سے متعلق جامع اور قابلِ عمل سفارشات پیش کرے گی تاکہ صوبے میں مؤثر اصلاحات نافذ کی جا سکیں۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے دفتر میں ریفارمز سیل بھی قائم کیا جائے گا، جبکہ اس کے انتظامی اور لاجسٹک امور چیف سیکرٹری پنجاب کی مشاورت سے طے کیے جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق ریفارمز کمیٹی اپنی سفارشات چیف سیکرٹری پنجاب کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کرے گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ کمیٹی کا مقصد قانونی، انتظامی اور گورننس کے نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانا ہے۔



