امریکا اور برطانیہ کا آبنائے ہرمز کی سکیورٹی اور ایران کو جوہری ہتھیاروں سے روکنے کے عزم کا اعادہ


واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے واشنگٹن میں ہونے والی ملاقات میں آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری آمدورفت کو یقینی بنانے اور ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے یا تیار کرنے سے روکنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پگوٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایران سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، جبکہ یورپ کی سلامتی کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے کہا کہ واشنگٹن میں اپنی ملاقاتوں کے دوران وہ روس کے خلاف یوکرین کی مسلسل حمایت، غزہ کی سنگین انسانی صورتحال اور فلسطینیوں و اسرائیلیوں کے درمیان دیرپا امن کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر بھی گفتگو کریں گے۔
ملاقات کے بعد صحافیوں نے ایڈ ملی بینڈ سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ماضی میں کی گئی تنقید کے بارے میں سوال کیا۔ ان سے پوچھا گیا کہ آیا وہ اب بھی ٹرمپ کو نسل پرست اور خواتین مخالف سمجھتے ہیں، تاہم برطانوی وزیر خارجہ نے اس سوال پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔