امریکا، چین اور روس کے درمیان محدود نوعیت کی نئی شراکت داریاں قائم

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا نے گزشتہ ایک سال کے دوران چین اور روس کے ساتھ محدود نوعیت کی نئی شراکت داریاں قائم کی ہیں، جن کا مقصد فینٹا نائل کی اسمگلنگ، سائبر فراڈ، بچوں کے جنسی استحصال کے نیٹ ورکس اور دیگر بین الاقوامی جرائم کے خلاف مشترکہ کارروائیاں کرنا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کو دیے گئے انٹرویو میں کاش پٹیل نے بتایا کہ دونوں ممالک کے ساتھ ورکنگ گروپس قائم کیے گئے ہیں، جن کے تحت اہلکاروں کا تبادلہ، مشترکہ تحقیقات، انٹیلی جنس شیئرنگ، مشترکہ چھاپے اور گرفتاریاں بھی عمل میں آئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چینی قانون نافذ کرنے والے اہلکار باقاعدگی سے امریکا کا دورہ کرتے ہیں، جبکہ ایف بی آئی کی ٹیمیں بھی مقدمات کی تحقیقات کے سلسلے میں چین جا کر کام کرتی ہیں۔
ایف بی آئی ڈائریکٹر کے مطابق مئی میں چین کی وزارتِ پبلک سکیورٹی اور دبئی پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی "آپریشن سینڈ ڈالر” کے دوران دبئی میں سائبر فراڈ کے ایک بڑے مرکز پر چھاپہ مارا گیا، جہاں 300 افراد کو گرفتار، 300 ملین ڈالر ضبط کیے گئے اور انسانی سمگلنگ کا شکار ہزاروں افراد کو آزاد کرایا گیا۔
کاش پٹیل نے واضح کیا کہ یہ تعاون صرف مخصوص بین الاقوامی جرائم کے خلاف کارروائیوں تک محدود ہے اور اس سے امریکا کے روایتی اتحادیوں کے ساتھ تعلقات یا ان کی اہمیت میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔



