یومِ استحصالِ کشمیر پر آئی ایس پی آر کا نیا نغمہ "آزادی” جاری

مظفر آباد(جانوڈاٹ پی کے) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نیا نغمہ "آزادی” جاری کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معروف گلوکار واجد سعید کی آواز میں یہ نغمہ کشمیری عوام کے جذبات، امیدوں اور امنگوں کی ترجمانی کرتا ہے۔ نغمے کے بول "تمہارے ساتھ تھے اور ساتھ ہم رہیں گے” کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور وابستگی کو اجاگر کرتے ہیں۔
دل کو چھو لینے والے بول اور ولولہ انگیز دھن پر مبنی یہ نغمہ کشمیری عوام کی ثابت قدمی، عزم اور اپنے حقوق کے لیے جاری جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔
نغمے میں وادیٔ کشمیر کی صورتحال، کشمیری عوام کو درپیش مشکلات اور انسانی المیوں کو اجاگر کیا گیا ہے، جبکہ اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔



