پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ’’یومِ استحصالِ کشمیر‘‘ منایا جارہا ہے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کیے جانے کے سات سال مکمل ہونے پر آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں یومِ استحصالِ کشمیر منایا جا رہا ہے۔

ہر سال 5 اگست کو یہ دن کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور 2019ء میں بھارت کے متنازع آئینی اقدام کی یاد میں منایا جاتا ہے، جب بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 370 اور آرٹیکل 35-اے کو منسوخ کر دیا تھا۔

اس فیصلے کے تحت جموں و کشمیر کی ریاست کو دو وفاقی اکائیوں، جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کیا گیا، جبکہ علاقے میں سخت پابندیاں نافذ کر دی گئیں۔ آرٹیکل 370 کے تحت مقبوضہ کشمیر کو اپنا آئین، الگ جھنڈا اور داخلی معاملات میں خصوصی اختیارات حاصل تھے، جبکہ آرٹیکل 35-اے مقامی آبادی کو خصوصی حقوق فراہم کرتا تھا۔

بھارتی فیصلے کے بعد مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کیا گیا، مواصلاتی نظام معطل کر دیا گیا، ہزاروں اضافی فوجی تعینات کیے گئے اور متعدد کشمیری سیاسی رہنماؤں کو حراست میں لے لیا گیا۔ ان اقدامات پر عالمی سطح پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

پاکستان نے اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود کیے اور مختلف عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی کوششیں جاری رکھیں۔ پاکستان ہر سال 5 اگست کو یومِ استحصالِ کشمیر منا کر کشمیری عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button