سونا اور چاندی مزید مہنگا: مقامی اور عالمی منڈیوں میں قیمتوں میں نمایاں اضافہ

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)عالمگیر اور مقامی سطح پر سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث مقامی صرافہ منڈی میں فی تولہ سونے اور چاندی کے بھاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آل صرافہ مارکیٹ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی منڈی میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 1,700 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 28 ہزار 436 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کا بھاؤ 1,457 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 67 ہزار 314 روپے ہو چکا ہے۔
قیمتوں میں اضافے کا یہ رجحان چاندی کی مارکیٹ میں بھی دیکھا گیا۔ 24 قیراط فی تولہ چاندی کا بھاؤ 54 روپے اضافے کے بعد 6 ہزار 291 روپے کی سطح پر جا پہنچا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجہ عالمی منڈی کے رجحانات ہیں۔ انٹرنیشنل مارکیٹ میں فی اونس سونا 17 ڈالر کے اضافے سے 4,060 ڈالر کی بلند سطح پر پہنچ گیا ہے، جس کا براہِ راست اثر مقامی صرافہ بازاروں پر مرتب ہو رہا ہے۔



