ایم کیو ایم میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے،بہادرآباد میں کارکن آمنے سامنے،فائرنگ،دھکم پیل،پتھراؤ،3افرادزخمی

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے۔ بہادرآباد میں پارٹی اجلاس کے بعد دو دھڑوں کے کارکن آمنے سامنے آ گئے، جہاں مبینہ طور پر ہاتھا پائی، ہوائی فائرنگ اور پتھراؤ کے واقعات پیش آئے، جن کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق پارٹی اجلاس کے بعد خالد مقبول صدیقی اور مصطفیٰ کمال سے منسوب دھڑوں کے درمیان کشیدگی کھل کر سامنے آگئی۔ صورتحال اس وقت مزید بگڑ گئی جب دونوں گروپوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی شروع کر دی، جو بعد ازاں مبینہ طور پر جھڑپ، پتھراؤ اور ہوائی فائرنگ میں تبدیل ہو گئی۔

ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے دعویٰ کیا کہ اجلاس کے بعد پارٹی رہنماؤں کے درمیان اختلافات سامنے آئے، جس کے بعد ایم پی اےاعجاز الحق اور رہنماذاکر کے ساتھ دوسرے گروپ کے کارکنوں نے مبینہ ہاتھا پائی کی۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ منگلا شرما اورسبین غوری کے ساتھ بھی بدتمیزی کی گئی۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنماامین الحق نے الزام لگایا کہ مخالف گروپ کی جانب سے شدید ہوائی فائرنگ کی گئی، جس سے ان کا ایک کارکن زخمی ہوا، جبکہ پتھراؤ کے نتیجے میں بھی متعدد کارکن متاثر ہوئے۔

امین الحق نے مزید دعویٰ کیا کہ پارٹی دفتر میں توڑ پھوڑ کی گئی اور وہاں نصب ڈی وی آر (DVR)بھی ساتھ لے جائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کے بعد معاملات پہلے کی طرح چلنا ممکن نہیں رہا۔

واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صورتحال پر نظر رکھتے ہوئے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button