دھاندلی، تشدد اور بے ضابطگیوں نے انتخابات کی شفافیت کو مشکوک بنا دیا، قمر زمان کائرہ

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے آزاد کشمیر کے انتخابات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انتخابی عمل کے دوران دھاندلی، تشدد اور بے ضابطگیوں نے انتخابات کی شفافیت کو مشکوک بنا دیا ہے۔

مظفرآباد میں چوہدری مجید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے آغاز سے ہی کشیدگی اور امن و امان کی خراب صورتحال موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ انتخابات تین مراحل میں کرانے پر ان کے تحفظات تھے، تاہم اس کے باوجود پیپلز پارٹی نے جمہوری عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخاب میں حصہ لیا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر ان کے حلقے میں قاتلانہ حملہ کیا گیا، حالانکہ اس حوالے سے پہلے ہی متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا گیا تھا۔ کائرہ نے مزید بتایا کہ اطلاعات کے مطابق پیپلز پارٹی کا ایک کارکن بھی جان کی بازی ہار گیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے انتخابی انتظامات پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ متعدد پولنگ اسٹیشنوں پر عملہ صبح 11 سے ساڑھے 11 بجے تک نہیں پہنچا، جبکہ بعض مقامات پر انتخابی عملہ آنے کے بعد اسے مسلم لیگ (ن) کے کارکن اپنے ساتھ لے گئے اور مبینہ طور پر بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگائے گئے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایل اے 28 میں بازل نقوی کے حلقے کی تین یونین کونسلوں تک انتخابی سامان ہی نہیں پہنچایا گیا، جس کے باعث ووٹنگ کا عمل متاثر ہوا۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اگر چیف الیکشن کمشنر کے مطابق ایل اے 27 میں بارشوں کے باعث انتخابات نہیں ہو سکے، تو پھر پورا انتخابی عمل ہی تنازع کا شکار ہو گیا ہے۔ ان کے بقول ایسے انتخابات کے نتیجے میں بننے والی حکومت کی ساکھ پر بھی سوالات اٹھیں گے۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ "آزاد کشمیر کا یہ الیکشن ہم سے چھینا گیا ہے، جبکہ ہم اس وقت ریاست کو بچانے کی بات کر رہے ہیں۔”

مزید خبریں

Back to top button