ایل اے 31 میں پیپلزپارٹی کارکن کا قتل، بلاول بھٹو کی مذمت، شفاف تحقیقات کا مطالبہ

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ ایل اے-31 میں پیپلزپارٹی کے کارکن مشتاق شاہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے شہید کارکن مشتاق شاہ کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر حملے کے بعد اسی حلقہ انتخاب میں پیپلزپارٹی کارکن مشتاق شاہ کی شہادت تشویشناک ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان واقعات سے مسلم لیگ (ن) کی نیت واضح ہو گئی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر دھاندلی کے ذریعے نتائج تبدیل کیے گئے تو اس سے عوام کا انتخابی عمل پر اعتماد متاثر ہوگا۔

انہوں نے مزید الزام لگایا کہ گولی، لاٹھی اور زور زبردستی کے ذریعے آزاد کشمیر کے عوام کے ووٹ پر ڈاکا مارا جا رہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے واقعے کی شفاف تحقیقات، ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی اور انتخابی عمل کو پرامن، آزاد اور منصفانہ بنانے کا مطالبہ کیا۔

مزید خبریں

Back to top button