محمد بن سلمان کا ٹرمپ سے رابطہ، ایران پر ممکنہ بڑے حملوں پر تشویش کا اظہار، کشیدگی کم کرنے پر زور

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک گفتگو میں ایران کے خلاف ممکنہ بڑے فوجی حملوں کے منصوبے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے پر زور دیا ہے۔

امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام اور باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ ایران پر مزید حملوں، خصوصاً توانائی کے اہم اہداف کو نشانہ بنانے کے آپشن پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں، تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ یا حکم جاری نہیں کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق محمد بن سلمان نے گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ سے مبینہ منصوبے کی وضاحت طلب کی اور خطے میں مزید کشیدگی سے گریز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس اور واشنگٹن میں سعودی سفارت خانے نے اس ٹیلیفونک رابطے یا اس کے مندرجات پر تاحال کوئی باضابطہ تبصرہ نہیں کیا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے علاوہ قطر، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور پاکستان بھی امریکا اور ایران سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور سفارتی ذرائع سے کشیدگی کم کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button