وزیرآباد:چکن فروش شہریوں کیلئےعذاب بن گئے،انتظامیہ سے فوری کاروائی کا مطالبہ

وزیرآباد (جانوڈاٹ پی کے) شہر وزیرآباد میں چکن فروشومن مانی قیمتیں وصول کرنے لگے، کم وزن اور غیر معیاری مرغی فروخت کیے جانے کی شکایات میں اضافہ، شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں چکن فروش اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں اور کسی ایک سرکاری ریٹ پر عملدرآمد نظر نہیں آتا۔ متعدد دکانوں پر پہلے سے تیار شدہ مرغی کا گوشت فروخت کیا جاتا ہے، جبکہ گاہکوں کا الزام ہے کہ ایک کلو کے نام پر 800 سے 900 گرام تک گوشت دیا جاتا ہے، جس سے صارفین کو مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔عوام کا مزید کہنا ہے کہ بعض مقامات پر صفائی کی صورتحال بھی انتہائی ناقص ہے اور چکن کی دکانیں گندگی اور نالوں کے قریب قائم ہیں، جس سے حفظانِ صحت کے اصول متاثر ہو رہے ہیں۔شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ صفائی، معیار، وزن اور سرکاری نرخوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو معیاری اور مناسب قیمت پر مرغی کا گوشت دستیاب ہو۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ، اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد، محکمہ فوڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ شہر بھر میں چکن شاپس کی فوری انسپکشن کی جائے، سرکاری نرخ نامے نمایاں آویزاں کروائے جائیں، کم وزن اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوامی استحصال کا خاتمہ ہو سکے۔

مزید خبریں

Back to top button