وزیرآباد:منشیات فروش گرفتار،2 کلو سے زائد چرس برآمد

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) تھانہ سٹی پولیس نے 2 کلو سے زائد چرس برآمد کرلی، ملزم گرفتار۔ سی پی او گوجرانوالہ سردار غیاث گل خان کے احکامات پر منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے سلسلے میں تھانہ سٹی وزیرآباد پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک منشیات فروش کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں چرس برآمد کر لی۔تفصیلات کے مطابق، ایس ایچ او تھانہ سٹی وزیرآباد ثقلین کمبوہ کی قیادت میں اے ایس آئی مدثر شہزاد نے ہمراہیوں کے ساتھ نالہ پلکھو کے قریب گشت کے دوران مشکوک افراد کی چیکنگ کے لیے ناکہ بندی کر رکھی تھی۔ اس دوران ثمن برج کی جانب سے آنے والے ایک مشکوک شخص نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر بھاگنے کی کوشش کی۔ پولیس نے تعاقب کر کے ملزم کو قابو کر لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کی شناخت محمد منیر ولد فجر دین قوم راجپوت ساکن جناح کالونی وزیر آباد کے نام سے ہوئی، تلاشی کے دوران ملزم کے دائیں ہاتھ میں پکڑے نیلے رنگ کے شاپنگ بیگ سے چرس برآمد ہوئی۔ الیکٹرانک کانٹے پر وزن کرنے پر برآمد شدہ چرس کا کل وزن 2240 گرام (2 کلو 240 گرام) نکلے۔ پولیس نے حسبِ ضابطہ 112 گرام چرس کیمیکل تجزیے کے لیے بطور نمونہ علیحدہ کر کے باقی 2128 گرام چرس معہ شاپنگ بیگ قبضہ پولیس میں لے کر سیل کر دی۔ملزم کے خلاف تھانہ سٹی وزیرآباد میں انسدادِ منشیات ایکٹ (CNSA) کی دفعہ 9(1)3c کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ سی پی او گوجرانوالہ اور ایس ایچ او نے واضح کیا ہے کہ منشیات کے دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔



