وزیراعظم آزاد کشمیر کا کوٹلی میں دھاندلی کا الزام، ری پولنگ کا مطالبہ

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ضلع کوٹلی میں پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کرکےانتخابی عمل کو داغدار کردیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ صدر پاکستان پیپلزپارٹی چوہدری محمد یاسین کے آبائی حلقہ میں ٹھپے لگائے گئے، سہنسہ سے پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار چوہدری اخلاق کی فتح کو شکست میں بدلنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔
فیصل راٹھور نےکہا کہ سہنسہ میں پریزائیڈنگ آفیسرز نے خود بیانات ریکارڈ کرواکر کہا کہ انہیں یرغمال بناکر ٹھپے لگائے گئے ہیں۔
فیصل ممتاز راٹھور نے چڑھوئی، سہنسہ اور نکیال کے نتائج پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن ان انتخابی حلقوں کے نتائج روک کر دھاندلی والے پولنگ اسٹیشنز کی حد تک فوج کی نگرانی میں ری پولنگ کروائے۔



