گلگت بلتستان میں سیلابی تباہی پر بلاول بھٹو زرداری کا اظہارِ تشویش، متاثرین کی فوری مدد کی ہدایت

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیل پھٹنے (GLOF) کے باعث ہونے والی تباہی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ عوام اور سیاحوں کی فوری مدد اور بحالی کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ غیر معمولی درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز کا پھٹنا گلگت بلتستان کے لیے ایک سنگین موسمیاتی چیلنج بن چکا ہے، جس سے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیامر، استور، غذر، ہراموش، نلتر، ہسپر، گانچھے اور دیگر متاثرہ علاقوں میں سیلاب کے بعد کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے باعث مختلف علاقوں کے زمینی رابطے منقطع ہونے سے مقامی آبادی اور سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی جیسے بڑے چیلنج سے نمٹنا کسی ایک حکومت کے بس کی بات نہیں، اس کے لیے وفاقی حکومت سمیت تمام متعلقہ اداروں کو مؤثر اور مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان حکومت کو ہدایت کی کہ سیلاب سے بند ہونے والی شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کے کام میں مزید تیزی لائی جائے، تاکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔
انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سیلاب کے باعث منقطع راستوں میں پھنسے عوام اور سیاحوں کی مدد، محفوظ منتقلی اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔



