آزاد کشمیر انتخابات: پیپلز پارٹی کے دھاندلی کے الزامات بے بنیاد ہیں، امیر مقام

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان اور مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی جانب سے عائد کیے گئے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹوں کی گنتی سے پہلے ہی مسلم لیگ (ن) پر الزامات لگانا غیر مناسب اور افسوسناک ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ آزاد کشمیر میں وزیراعظم، حکومت اور انتظامی ڈھانچہ پیپلز پارٹی کے پاس ہے، اس کے باوجود بغیر کسی ثبوت کے مسلم لیگ (ن) پر دھاندلی کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور وزراء سوچے سمجھے بغیر بیانات دے رہے ہیں، جبکہ انتخابی نتائج آنے سے پہلے ایسے الزامات عائد کرنا سیاسی ماحول کو خراب کرنے کے مترادف ہے۔
وفاقی وزیر نے فتح پور تکیال میں پیش آنے والے ہلاکت کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے واقعے میں مسلم لیگ (ن) کا ایک کارکن بھی زخمی ہوا، جبکہ انتخابی مہم کے دوران اسی علاقے میں فائرنگ کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما ملک عاشق حسین بھی جاں بحق ہوئے تھے۔
انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ الزام تراشی سے گریز کریں اور انتخابی عمل مکمل ہونے دیں، کیونکہ ابھی ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور قبل از وقت بیانات دینا مناسب نہیں۔
امیر مقام نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے انتخابی مہم کے دوران قائد میاں محمد نواز شریف، اپنی قیادت اور دیگر رہنماؤں کے ذریعے عوام کے سامنے پارٹی کی سابقہ کارکردگی، ترقیاتی منصوبے اور مستقبل کا وژن پیش کیا، جبکہ پارٹی ایک مضبوط اور محنتی ٹیم کے ساتھ میدان میں موجود ہے۔



