پاکستان کی سعودی عرب پر ڈرون حملوں کی شدید مذمت، مکمل یکجہتی اور غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ


اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان نے سعودی عرب پر ہونے والے ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، امن اور خوشحالی کے لیے اپنی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
ترجمان کے مطابق ایسے اشتعال انگیز حملے نہ صرف سعودی عرب بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس لیے ان کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن، سلامتی اور استحکام کے قیام کے لیے ہمیشہ مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتا رہا ہے اور مستقبل میں بھی اس مقصد کے حصول کے لیے اپنی ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا۔