پاکستان اور قطر کا سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق، محسن نقوی کی قطری وزیر داخلہ سے اہم ملاقات

دوحہ (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قطر کے وزیر داخلہ اور داخلی سلامتی فورس (لخویا) کے کمانڈر شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی سے اہم ملاقات کی، جس میں سکیورٹی، داخلی سلامتی اور باہمی تعاون کے فروغ سمیت خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرائے داخلہ نے پاکستان اور قطر کے درمیان سکیورٹی پارٹنرشپ کو مزید وسعت دینے اور وزارت داخلہ کی سطح پر دوطرفہ تعاون کو مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر داخلی سلامتی سے متعلق مختلف شعبوں میں اشتراک اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان، قطر کے ساتھ سکیورٹی، داخلی سلامتی اور مشترکہ مفادات کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

ملاقات کے دوران محسن نقوی نے قطری وزیر داخلہ سے ان کے والد، قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور قطر کی ترقی و خوشحالی میں ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر قطری وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے کہا کہ قطر، پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون اور اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button