ن لیگ کے گلو بٹوں نے پیپلز پارٹی کے ورکر کو شہید کرکے اپنی فاشسٹ روایت کو برقرار رکھا،شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اپنے بدمعاشوں اور غنڈوں کو لگام دے، زبردستی اور دھونس سے ن لیگ کو کشمیر میں الیکشن چوری کرنے نہیں دیں گے۔
ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ ن لیگ سمجھتی ہے ہر کوئی بکاؤ مال ہے، لالچ دے کر وہ سب کو خرید سکتے ہیں، ن لیگ کے گلو بٹوں نے پیپلز پارٹی کے ایک ورکر کو شہید کرکے اپنی فاشسٹ روایت کو برقرار رکھا۔
انھوں نے کہا کہ ن لیگ کے امیدواروں کی جانب سے اسلحہ کے آزادانہ استعمال پر الیکشن کمیشن کی خاموشی افسوسناک ہے، ن لیگ اپنی شکست کو دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتری ہوئی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا ن لیگ 2014 کی طرح کشمیر میں خیرات کا مینڈیٹ حاصل کرنا چاہتی ہے، خیراتی مینڈیٹ والی اور فارم 47 کی پیداوار ن لیگ کشمیر میں ماحول خراب کر رہی ہے۔
انھوں نے کہا کشمیری عوام پُرامن ہیں اور وہ ن لیگ کے دہرے اور اوچھے ہتھکنڈوں سے اچھی طرح واقف ہیں، ن لیگ کی قیادت کان کھول کر سُن لے کشمیر کے پُرامن ماحول کو خراب ہونے نہیں دیں گے۔
شرجیل میمن نے کہا ن لیگ کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔



