شدید بارشوں سے ریلوے پل متاثر، لاہور فیصل آباد سیکشن پر ٹرین آپریشن معطل

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) شدید بارشوں اور سیلابی ریلے کے باعث قلعہ ستار شاہ کے قریب ریلوے پل کو نقصان پہنچنے پر لاہور سے فیصل آباد ریلوے سیکشن پر ٹرین آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ پاکستان ریلوے نے متعدد ٹرینوں کے روٹس تبدیل جبکہ بعض ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق قلعہ شیخوپورہ اور مسن کے درمیان شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث ریلوے انفراسٹرکچر متاثر ہوا، جس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے تحت لاہور اور فیصل آباد کے درمیان ٹرینوں کی آمدورفت عارضی طور پر روک دی گئی۔
ڈویژنل ٹرانسپورٹ آفیسر، ریلوے لاہور ڈویژن کے مطابق 41 اپ/42 ڈاؤن قراقرم ایکسپریس اور 27 اپ/28 ڈاؤن شالیمار ایکسپریس کو فیصل آباد کے بجائے لاہور، رائیونڈ، ساہیوال اور خانیوال کے راستے اپنی منزل کی جانب روانہ کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ قراقرم ایکسپریس 42 ڈاؤن کے فیصل آباد سے سفر کرنے والے مسافروں کو آج 18 ڈاؤن ملت ایکسپریس میں ایڈجسٹ کیا جائے گا، جبکہ لاہور اور سرگودھا کے درمیان چلنے والی میانوالی ایکسپریس کو آج وزیر آباد اور لالہ موسیٰ کے راستے چلایا جائے گا۔
دوسری جانب 111 اپ/112 ڈاؤن بدر ایکسپریس اور 113 اپ/114 ڈاؤن غوری ایکسپریس کو عارضی طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔
پاکستان ریلوے کا کہنا ہے کہ متاثرہ پل اور ریلوے ٹریک کی بحالی کے لیے مرمتی کام تیزی سے جاری ہے۔ انفراسٹرکچر کی بحالی مکمل ہونے کے بعد ٹرین آپریشن معمول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا۔
ریلوے حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ سفر سے قبل اپنی متعلقہ ٹرین کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کریں، جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور مزید پیش رفت سے بروقت آگاہ کیا جائے گا۔



