وزیراعلیٰ پنجاب کی انسپکشن ٹیموں کے ممکنہ دورے، سرکاری سکولوں میں ہائی الرٹ جاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب کی انسپکشن ٹیموں کے ممکنہ دوروں کے پیش نظر ایجوکیشن اتھارٹی نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
جاری ہدایات کے مطابق تمام سرکاری سکولوں کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ غیر متعلقہ افراد کے سکولوں میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ایجوکیشن اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ سکولوں میں کام کرنے والے تمام مزدوروں کی شناخت اور تصدیق لازمی کی جائے تاکہ سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
احکامات میں تمام ہیڈ ٹیچرز اور کلاس فور ملازمین کی سو فیصد حاضری یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ واضح کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کی انسپکشن ٹیم کے دورے کے دوران کسی بھی ملازم کی غیر حاضری برداشت نہیں کی جائے گی۔
مزید برآں، سکولوں کے اندر اور اطراف چائلڈ لیبر کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
ایجوکیشن اتھارٹی نے تمام ضلعی ایجوکیشن افسران (DEOs)، اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران (AEOs) اور ہیڈ ٹیچرز کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سکیورٹی، نظم و ضبط اور حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔



