پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، نہروں، دریاؤں اور بارش کے جمع پانی میں نہانے پر 60 روز کی پابندی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب حکومت نے مون سون بارشوں کے دوران شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے پیشِ نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت نہروں، دریاؤں، ڈیموں، جھیلوں اور بارش کے جمع شدہ پانی میں نہانے سمیت متعدد سرگرمیوں پر 60 روز کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیموں، دریاؤں، نہروں، تالابوں اور جھیلوں میں ہر قسم کی تیراکی پر پابندی ہوگی، جبکہ ڈیموں، دریاؤں، نہروں، تالابوں، جھیلوں اور ڈسٹری بیوٹریز میں بغیر اجازت کشتی رانی بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ گلیوں، سڑکوں، کھلی جگہوں اور عوامی مقامات پر بارش کے جمع شدہ پانی میں نہانے پر بھی دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد ہوگی۔

محکمہ داخلہ کے ترجمان کے مطابق یہ پابندیاں 60 روز کے لیے نافذ کی گئی ہیں اور ان کا مقصد موجودہ مون سون سیزن کے دوران قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ حالیہ شدید بارشوں کے باعث پنجاب بھر کے ڈیموں، دریاؤں، نہروں، تالابوں اور جھیلوں میں پانی کی سطح بلند ہے، جس کے باعث تیراکی اور کشتی رانی انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، خصوصاً بچوں اور نوجوانوں کے لیے۔

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے یہ احکامات ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144 کے تحت جاری کیے ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ نوٹیفکیشن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی حفاظت کے لیے خطرناک مقامات سے دور رہیں۔

مزید خبریں

Back to top button