محسن نقوی کی امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات، سیاسی و سکیورٹی صورتحال پر تبادلۂ خیال


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصورہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی و سکیورٹی صورتحال، علاقائی امور اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی مسلسل کاوشوں کے باعث خطے میں کشیدگی میں دوبارہ کمی آئی ہے۔
محسن نقوی نے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان، جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملک کو درپیش چیلنجز پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔