کلائمیٹ ریزیلینٹ پنجاب پلان پر عملدرآمد تیز، موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے ورکنگ گروپ فعال

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب حکومت نے صوبے کو موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات سے محفوظ بنانے کے لیے کلائمیٹ ریزیلینٹ پنجاب ویژن اینڈ ایکشن پلان پر عملدرآمد تیز کرتے ہوئے متعلقہ ورکنگ گروپ کو فعال کر دیا ہے، جبکہ مختلف سرکاری اداروں کو اہم ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں۔
منصوبے کے تحت موسمیاتی خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مختلف اداروں کے درمیان مربوط حکمتِ عملی اختیار کی جائے گی تاکہ صوبے میں پائیدار ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپلائی چین کو درپیش موسمیاتی خطرات کی نشاندہی کے لیے جامع مطالعہ کیا جائے گا، جبکہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے چھوٹے کاروباروں کی معاونت کے لیے مائیکروفنانس اسکیمیں متعارف کرائی جائیں گی۔
اس کے علاوہ موسمیاتی آفات سے متاثرہ مستحق افراد کا جامع ڈیٹا بیس تیار کرنے اور امدادی فنڈز کی شفاف تقسیم کے لیے ڈیجیٹل ڈسبرسمنٹ سسٹم نافذ کرنے کی تیاری بھی شروع کر دی گئی ہے۔
ورکنگ گروپ نے موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ علاقوں کی خواتین کے لیے خصوصی روزگار پروگرام شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کے مطابق فوری عملدرآمدی فریم ورک تیار کریں، جس میں اہداف، ٹائم لائن، نگرانی کا نظام اور ادارہ جاتی ذمہ داریاں واضح طور پر درج ہوں۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ دو ہفتوں بعد ورکنگ گروپ کا دوبارہ اجلاس منعقد ہوگا، جس میں منصوبے پر عملدرآمد اور حاصل ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
مزید برآں ایس ڈی جی وار بجٹ اور متعلقہ ڈیٹا آئی ٹی ونگ سے حاصل کرنے، کلائمیٹ ریزیلینٹ پنجاب ڈیش بورڈ پر خصوصی بریفنگ دینے اور ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مختلف اداروں کے درمیان رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔



