بھارتی وزیرِ دفاع کا بیان مسترد، ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان نے بھارتی وزیرِ دفاع کے حالیہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز، غیر ذمہ دارانہ اور خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک قرار دیا ہے۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی مکمل صلاحیت اور عزم رکھتا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارتی وزیرِ دفاع کے ریمارکس نہ صرف جموں و کشمیر کے اس تنازع کی حقیقت کو مسخ کرتے ہیں، جو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے، بلکہ یہ بھی ظاہر کرتے ہیں کہ بھارتی حکومت خطے اور عالمی امن کو خطرے میں ڈالنے والی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

بیان کے مطابق ایسے بیانات کا مقصد بھارت کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کی صورتحال، خطے میں دہشت گردی سے متعلق پاکستان کے مؤقف اور بھارت کو درپیش اندرونی چیلنجز سے عالمی توجہ ہٹانا ہے۔

دفتر خارجہ نے زور دیا کہ بھارت کو اشتعال انگیز بیانات اور دھمکی آمیز طرزِ عمل کے بجائے زمینی حقائق کا ادراک کرنا چاہیے۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی حکومت، عوام اور مسلح افواج کسی بھی ممکنہ جارحیت یا مہم جوئی کا مؤثر اور بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

پاکستان نے اپنے بیان میں گزشتہ سال کے آپریشن "بنیان مرصوص” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک پہلے بھی اپنے دفاع کے عزم کا عملی مظاہرہ کر چکا ہے اور آئندہ بھی قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ نے عالمی برادری، خصوصاً اقوامِ متحدہ، سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے مسلسل غیر ذمہ دارانہ رویے کا نوٹس لے اور اسے سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد نہ کرنے پر جوابدہ ٹھہرائے۔

بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت فراہم کرنا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button