آزاد کشمیر الیکشن: پولنگ ملتوی ہونے کی افواہیں مسترد، میرپور ڈویژن میں ووٹنگ شیڈول کے مطابق جاری

میرپور(جانوڈاٹ پی کے) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے میرپور ڈویژن میں انتخابات ملتوی ہونے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو مکمل طور پر جعلی، بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ میرپور، کوٹلی اور بھمبر میں پولنگ آج اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق ہی ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک مبینہ پریس ریلیز وائرل کی جا رہی ہے، جس میں انتخابات ملتوی کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے، تاہم الیکشن کمیشن نے ایسی کوئی پریس ریلیز جاری نہیں کی اور نہ ہی پولنگ کے شیڈول میں کسی قسم کی تبدیلی کی گئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ چند شرپسند عناصر جھوٹا پروپیگنڈا پھیلا کر عوام کو گمراہ کرنے اور انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ایسے ہتھکنڈے کامیاب نہیں ہوں گے۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے تمام اضلاع میں انتخابی عمل طے شدہ پروگرام کے مطابق جاری رہے گا اور پولنگ کسی رکاوٹ کے بغیر منعقد ہوگی۔

ترجمان نے ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبروں، افواہوں اور جعلی پریس ریلیز پر یقین نہ کریں، بلکہ صرف الیکشن کمیشن اور محکمہ اطلاعات کے سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔

الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ انتخابی عمل سے متعلق درست اور بروقت معلومات کے لیے عوام الیکشن کمیشن کے آفیشل سوشل میڈیا صفحات اور دیگر سرکاری پلیٹ فارمز سے رہنمائی حاصل کریں۔

ترجمان کے مطابق میرپور، کوٹلی اور بھمبر میں پولنگ آج مقررہ شیڈول کے مطابق جاری ہے اور ووٹرز بلا خوف و خطر اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں۔

مزید خبریں

Back to top button