پہلے نشانِ حیدر کیپٹن محمد سرور شہید کا 78واں یومِ شہادت، قوم کا عظیم سپوت کو سلام

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) پاک فوج کے عظیم سپوت اور پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے کیپٹن محمد سرور شہید کا 78واں یومِ شہادت آج ملک بھر میں قومی عقیدت، احترام اور جذبۂ حب الوطنی کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید نے 27 جولائی 1948ء کو پہلی کشمیر جنگ کے دوران آزاد کشمیر کے تل پترا سیکٹر میں دشمن کے خلاف بے مثال جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ان کی لازوال قربانی نے انہیں ہمیشہ کے لیے قومی تاریخ میں امر کر دیا۔

کیپٹن محمد سرور شہید کی شجاعت اور ایثار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پاک افواج نے ان کی عظیم قربانی کو سلام پیش کیا ہے۔ یومِ شہادت کے موقع پر ان کے مزار پر گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا، پھولوں کی چادر چڑھائی جائے گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید کی قربانی پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے، جبکہ ان کی بہادری، فرض شناسی اور وطن سے غیر متزلزل وفاداری کی داستان نئی نسل کے دلوں میں حب الوطنی اور قومی خدمت کا جذبہ بیدار کرتی رہے گی۔

پاک فوج نے اپنے پیغام میں کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنا ہماری عظیم روایت ہے، اور کیپٹن محمد سرور شہید کی شہادت پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک روشن باب ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

یومِ شہادت کے سلسلے میں ملک بھر میں مختلف تقریبات، دعائیہ اجتماعات اور خراجِ عقیدت کی محافل منعقد کی جا رہی ہیں، جہاں قوم اپنے اس عظیم ہیرو کی بے مثال قربانی اور خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں سلام پیش کر رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button