ایک وزیراعظم اور4وزرائے اعلیٰ والا نظام ناکام ہوگیا،مصطفیٰ کمال

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)رہنما ایم کیو ایم مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ایک وزیراعظم اور4وزرائے اعلیٰ والا نظام ناکام ہوگیا اب یہ مزید نہیں چلےگا، حکمرانوں ہمیں ڈیڈلائن دوکہ ہمیں کب حقوق ملیں گے۔کراچی میں جلسے سے خطاب میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیوایم آئینی طریقے سے اپنا حق مانگتی ہے،ہمیں 28 ویں آئینی ترمیم چاہیے، حکمرانوں ہمیں بتاؤاس نظام اور حکمرانی کو چلانے کیلئے اور کتنے بچوں کو کھلے مین ہول میں گرناہے۔ میں ایسے نظام کو نہیں مانتاجس میں عوام کو حقوق نہ دئیے جائیں۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ اس نظام میں مصطفیٰ کمال وفاقی وزیر ہے،وزارت کس کو بری لگتی ہے، مجھ سے وزارت چھین لولیکن میرے لوگوں کو اختیارات اور وسائل دو، موجودہ نظام میں تبدیلی چاہتے ہیں، حکمران ہمیں لکھ کردیں کہ کوٹہ سسٹم اور نظام کب تک ختم ہو گا۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی ہٹ دھرمی کے آگے ہم ناکام ہوگئے، ہماری آئینی ترمیم صرف پیپلزپارٹی نہیں مان رہی، پیپلزپارٹی کہتی ہے ایم کیوایم کی آئینی ترمیم مانی تو حکومت گرادیں گے۔ جب تم27 ویں ترمیم کرسکتے ہو تو اب ہمیں28ویں ترمیم بھی چاہیے۔ اس28ویں ترمیم میں نئے ایڈمنسٹریٹر یونٹ کے قیام کا طریقہ کار بھی لکھوانا پڑے گا۔
انہوں نے کہاکہ ملک آئین کے تحت چلتا ہے، کیا آئین میں لکھاکہ سندھ کاوزیراعلیٰ وفاق سے پیسے لیکرعوام پرخرچ نہیں کریگا، ہمارا مسئلہ وسائل کی کمی نہیں ہے۔ سندھ کےحکمرانوں کو18سالوں میں22ہزارارب روپے ملے۔ وفاق ہمارے پیسے روک نہیں رہالیکن سندھ حکومت عوام پر خرچ نہیں کررہی۔



