کشمیر کا فیصلہ کشمیری عوام خود کریں گے، سندھ یا پنجاب نہیں: شرجیل انعام میمن

میرپور (جانو ڈاٹ پی کے) سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کشمیر کی تقدیر کا فیصلہ سندھ یا پنجاب نہیں بلکہ کشمیری عوام نے خود کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے اپنے بیانات کے ذریعے کشمیریوں کی توہین کی ہے، جبکہ ایک وفاقی وزیر نے حالات خراب کرنے کی کوشش کی۔
اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے مطالبہ کیا کہ واضح کیا جائے کہ وفاقی وزیر خواجہ آصف کا بیان مسلم لیگ (ن) کی پارٹی پالیسی تھا یا نہیں۔ اگر یہ پارٹی پالیسی نہیں تھی تو بتایا جائے کہ ان کے خلاف کیا کارروائی کی گئی؟
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کل انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی انتخابی مہم کی مدت ختم ہونے کے بعد کشمیر پہنچی ہے۔ ہم یہاں اس لیے آئے ہیں کہ کشمیر کے انتخابات میں کوئی دھاندلی نہ ہو سکے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ وفاقی وزراء نے کشمیر کے انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی اور انتخابی مہم کے دوران مسلسل کشمیر میں موجود رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات سے صرف تین دن قبل کشمیر میں بسوں کی نمائش کی گئی، تاہم بسوں کی نمائش کے ذریعے کشمیری عوام کو نہیں خریدا جا سکتا۔
سینئر وزیر نے سوال اٹھایا کہ کیا کشمیر میں بسیں بھیج کر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی گئی؟ انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کی خاموشی افسوسناک ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے مقابلے میں چھوٹی جماعتوں کے رہنما مشکل وقت میں ملک چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں، جبکہ غیرت مند کشمیری بہن بھائی پاکستان پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں گے۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فراڈ کے ذریعے اقتدار میں آنا مسلم لیگ (ن) کی ہمیشہ سے عادت رہی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیر خارجہ کشمیر کا مقدمہ بین الاقوامی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کیا۔



