ملک،فوج،آرمی چیف کیخلاف موادوائرل کرنے والا شخص گرفتار،عطا تارڑکا دعویٰ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ قوم کو کچھ اہم حقائق سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل سیکیورٹی اداروں نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ سروس فراہم کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا، جس کی فراہم کردہ ڈیجیٹل سروسز کے تانے بانے بھارت سے ملتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مخالف مواد کو وائرل کرنے کے لیے ادائیگیاں بھارت سے کی جا رہی تھیں اور تحقیقات کے دوران اس شخص سے تمام اہم معلومات حاصل کی گئیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بوٹ فارمز کے ذریعے مس انفارمیشن کا ایک پورا نیٹ ورک چلایا جا رہا تھا، جس کا تعلق بھارت سے ہے۔ پاکستان، اس کی سالمیت، حکومت، فوج، آرمی چیف اور دیگر اداروں کے خلاف مواد کو سوشل میڈیا پر وائرل کیا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دورانِ تفتیش گرفتار شخص نے انکشاف کیا کہ اسے موصول ہونے والے زیادہ تر مواد کا تعلق آزاد کشمیر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے تھا۔



