جنوبی وزیرستان میں دہشت گرد حملہ ناکام، وزیراعظم شہباز شریف کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے اور چار دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، غیر معمولی جرات اور بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا کر ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور سکیورٹی فورسز آپریشن "عزمِ استحکام” کے تحت ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری قوت اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ریاست کی کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی تاکہ ملک میں پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button