آزاد کشمیر کی محرومیوں کا ازالہ صرف مسلم لیگ (ن) ہی کر سکتی ہے، مریم اورنگزیب

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی محرومیوں کا ازالہ صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کر سکتی ہے، جبکہ پارٹی کارکن انتخابی مہم میں بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔

راولپنڈی میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ مظفرآباد نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے اور عوام کی بڑی تعداد پارٹی کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب محمد نواز شریف اور مریم نواز شریف آزاد کشمیر گئے تو مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے اور ان کی سیاسی پریشانی نمایاں ہو گئی۔

سینئر وزیر پنجاب کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے ایک سال کے دوران 20 ہزار کلومیٹر سڑکیں تعمیر کرائیں، جبکہ نواز شریف نے کشمیر کو پاکستان سے ملانے والی اہم شاہراہوں کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بعض لوگ یہ تاثر دیتے ہیں کہ ترقیاتی کام صرف لاہور تک محدود ہیں، حالانکہ پنجاب کے مختلف شہروں میں سڑکوں اور دیگر عوامی منصوبوں پر وسیع پیمانے پر کام کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button