پٹرول سستا کرو، لیوی ختم کرو، 7 اگست کو ملک گیر احتجاج ہوگا، حافظ نعیم الرحمان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے پٹرول کی قیمت میں فوری کمی اور پٹرولیم لیوی کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 7 اگست کو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پٹرولیم لیوی ایک "جگا ٹیکس” ہے جو عوام پر اضافی بوجھ اور ڈاکے کے مترادف ہے، اس لیے اسے فوری طور پر ختم کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 7 اگست کا ملک گیر احتجاج پاکستان میں عوامی مزاحمت کی نئی تاریخ رقم کرے گا اور حکومت کو عوامی مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی نے طلبہ، نوجوانوں، موٹرسائیکل سواروں، ڈیلیوری بوائز، کورئیر سروس سے وابستہ افراد، مزدوروں، کسانوں اور تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے ساتھ احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پرامن اور جمہوری سیاسی مزاحمت کے ذریعے عوام اپنے حقوق حاصل کریں گے اور حکومت کو عوامی مطالبات تسلیم کرنا ہوں گے۔

مزید خبریں

Back to top button