جوائنٹ ایکشن کمیٹی پاکستان اور کشمیر کے تاریخی رشتے کو چیلنج کر رہی ہے، خواجہ آصف

سیالکوٹ(جانوڈاٹ پی کے) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی پاکستان اور کشمیر کے تاریخی اور مضبوط تعلقات کو چیلنج کر رہی ہے، جبکہ عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں پر فوری توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سیالکوٹ میں اپنے آبائی علاقے میں ایک سیاسی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 36 جموں 3 کے امیدوار کی انتخابی مہم کی حمایت کے لیے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1947ء میں لاکھوں مہاجرین خون کی لکیر عبور کرکے پاکستان پہنچے، جبکہ تقریباً اڑھائی لاکھ افراد نے اپنی جانوں کی قربانی دی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ مہاجرین کا خیرمقدم کیا اور انہیں عزت و احترام کے ساتھ اپنے اندر جگہ دی۔

وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ 78 برسوں کے دوران انتخابات میں سیاسی اختلافات اور تضادات سامنے آتے رہے، تاہم اب جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پاکستان میں آباد مہاجرین کے معاملے کو ایک اہم سیاسی مسئلہ بنا دیا ہے۔

خواجہ آصف نے زور دیا کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کی حکومتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کو تیز کیا جائے اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک گروہ نے پیپلز پارٹی کی حکومت اور وفاقی حکومت کو بلیک میل کرکے 25 ارب روپے حاصل کیے، اور اب یہی ایکشن کمیٹی پاکستان اور آزاد کشمیر کے باہمی تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔

وزیر دفاع نے اپنے خطاب کے اختتام پر مطالبہ کیا کہ عوامی مسائل، خصوصاً نکاسی آب، بنیادی ڈھانچے اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button