کرشمہ کپور بہت محنتی تھیں مگران میں ایٹیٹیوڈ کچھ زیادہ ہی تھا،شگفتہ علی

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی اداکارہ شگفتہ علی نے کرشمہ کپور کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت محنتی تھیں، مگر ان میں کچھ زیادہ ہی ایٹیٹیوڈ بھی ہوتا تھا۔
بجنور یوپی سے تعلق رکھنے والی 59 سالہ شگفتہ علی ہیرو نمبر 1، بنارسی بابو اور لیلیٰ مجنوں جیسی فلموں میں اپنی یادگار مزاحیہ اداکاری اور سنجیونی، سسرال گیندا پھول اور سسرال سمر کا جیسے مقبول ٹی وی ڈراموں کے اپنے کرداروں کی وجہ سے مشہور ہیں۔
انھوں نے حال ہی میں کرشمہ کپور کے ساتھ اپنے کام کے تجربے اور گووندا و کرشمہ کی مشہور جوڑی کے اختتام سے متعلق سدھارتھ کنن کے یوٹیوب چینل پر گفتگو کی اور کہا کرشمہ کپور میں سیٹ پر بہت زیادہ اٹیٹیوڈ ہوتا تھا۔
جب شگفتہ علی سے پوچھا گیا کہ آخر گووندا اور کرشمہ کپور کے ایک ساتھ کئی سپر ہٹ فلمیں ہونے کے باوجود بعد میں جوڑی کیوں ٹوتی؟ اس پر انھوں نے کہا شاید ان کی دلچسپی ختم ہو گئی ہوگی، ممکن ہے آپس کی محبت اور لگاؤ باقی نہ رہا ہو۔
ہیروئنوں کے مزاج کا بھی کیا بھروسہ اور حد سے زیادہ پرجوش یا حد سے زیادہ کامیاب ہونے کی خواہش رکھنا بھی ہمیشہ اچھا نہیں ہوتا۔ کرشمہ کچھ زیادہ ہی خواہشات رکھا کرتی تھیں، بےحد محنتی تھیں، لیکن انکا رویہ عجیب سا ہوتا تھا۔
اپنے بات کی وضاحت کرتے ہوئے شگفتہ علی نے کہا یہ چیز ہر جگہ نظر آتی تھی۔ آپ سیٹ پر کس رویے کے ساتھ آتے اور دوسروں کے ساتھ کیسا برتاؤ کرتے ہیں، اس سے بہت فرق پڑتا ہے۔ اگر کوئی آپ کا ساتھی اداکار ہے تو دونوں طرف سے تعاون ہونا چاہیے۔ چاہے آپ ایک ساتھ کوئی منظر کر رہے ہوں یا انٹرویو دے رہے ہوں، دونوں کو برابر بولنے کا موقع ملنا چاہیے۔ اس کا اثر ہماری اداکاری پر بھی پڑتا ہے۔ اگر میں آپ کو مکالمے یا اداکاری کا اشارہ دینے کے لیے سیٹ پر موجود ہوں تو آپ کو بھی میرے لیے موجود ہونا چاہیے۔ اسی طرح میں نے اس انڈسٹری میں 40 سال گزارے ہیں۔
کرشمہ کپور اور گووندا نے ایک وقت میں کئی کامیاب اور بلاک بسٹر فلموں میں اکٹھے کام کیا، جن میں قلی نمبر 1، شکاری، ساجن چلے سسرال، راجہ بابو، حسینہ مان جائے گی اور دیگر فلمیں شامل ہیں۔
شگفتہ علی اور کرشمہ کپور نے ڈیوڈ دھون کی 1997 کی کامیڈی فلم ہیرو نمبر 1 میں ایک ساتھ کام کیا تھا، جس میں گووندا، پاریش راول، ستیش شاہ، قادر خان اور ٹیکو تلسانیہ بھی شامل تھے۔



