کمشنر لاہور ڈویژن کا ننکانہ صاحب اور دریائے راوی کا دورہ، سیلابی صورتحال کا جائزہ

ننکانہ صاحب (رضوان سلطان، نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کمشنر لاہور ڈویژن نعمان یوسف نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید کے ہمراہ ننکانہ صاحب اور دریائے راوی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت ممکنہ سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر کمشنر لاہور ڈویژن نعمان یوسف نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی پائیدار اور بروقت تکمیل حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید نے کمشنر لاہور ڈویژن کو ریلوے روڈ پر جاری بیوٹیفیکیشن منصوبے کے معیار اور رفتار کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمشنر نے منصوبے کا معائنہ کرتے ہوئے کام کے معیار کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران ڈسپوزل اسٹیشن کوٹ سنت رام کا بھی معائنہ کیا گیا۔ بعد ازاں دریائے راوی اور نالہ ڈیک میں ممکنہ سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر لاہور ڈویژن راوی کنارے واقع مواضعات ہلہ سیداں اور وڑائچ پہنچے، جہاں ممکنہ خطرات کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

کمشنر نعمان یوسف نے بچیکی میں نالہ ڈیک کی ڈی سلٹنگ کے جاری کام کا بھی معائنہ کیا اور صفائی کے کام کو مزید تیز کرنے کے لیے مشینری اور افرادی قوت میں اضافے کی ہدایات جاری کیں۔متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل رکھے جائیں اور عوام کے تحفظ میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button