شہزادہ ہیری اور اہلیہ میگھن مارکل کے درمیان دوریاں بڑھنے لگیں؟ حیران کن دعویٰ

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)برطانوی شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل ایک بار پھر اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کے باعث توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق راب شوٹر کے "Naughty But Nice” پوڈکاسٹ میں ایک ذریعے نے دعویٰ کیا ہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل مبینہ طور پر "الگ الگ زندگیاں” گزار رہے ہیں، جبکہ حالیہ مہینوں میں دونوں کی مشترکہ عوامی مصروفیات میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں کی ترجیحات، روزمرہ معمولات اور پیشہ ورانہ سرگرمیاں ایک دوسرے سے مختلف ہو چکی ہیں، جس کے باعث وہ پہلے کے مقابلے میں کم وقت ایک ساتھ گزارتے ہیں۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حالیہ عرصے کے دوران شہزادہ ہیری نے 2027 انویکٹس گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں اکیلے برطانیہ کا دورہ کیا، جبکہ میگھن مارکل اپنی کاروباری سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
بعد ازاں میگھن مارکل اپنے دونوں بچوں کے ہمراہ نجی دورے پر برطانیہ پہنچیں، جہاں انہوں نے شہزادہ ہیری کے ساتھ کنگ چارلس سے ملاقات کی، تاہم وہ کسی عوامی تقریب میں شریک نہیں ہوئیں۔
رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ جب شہزادہ ہیری تنہا ہوتے ہیں تو وہ پہلے سے زیادہ پُرسکون اور بےفکر دکھائی دیتے ہیں، جس کا مشاہدہ ان کے قریبی ساتھیوں نے بھی کیا ہے۔
اس سے قبل بھی بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ میگھن مارکل نے مبینہ طور پر شہزادہ ہیری پر مالی معاملات میں زیادہ ذمہ داری لینے کے لیے دباؤ ڈالا، جبکہ ایک طویل قانونی مقدمے میں ناکامی کے بعد ہیری کو بھاری قانونی اخراجات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
تاہم شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے ان خبروں یا اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق سامنے آنے والے دعوؤں پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا، اور ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔



