شیروں کا جذبہ پیسوں سے نہیں خریدا جا سکتا، مریم اورنگزیب کا کوٹلی میں انتخابی ریلی سے خطاب

کوٹلی (جانوڈاٹ پی کے) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور ووٹرز کا جذبہ خریدنا ممکن نہیں، کیونکہ "شیروں کا جذبہ پیسوں سے خریدا نہیں جا سکتا۔”

کوٹلی میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب بھر میں ہزاروں کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر جاری ہے، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ پورے صوبے تک پھیل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین یہ تاثر دیتے ہیں کہ ترقی صرف لاہور تک محدود ہے، حالانکہ لاہور جیسی ترقی پنجاب کے تمام شہروں میں ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک ہزار سے زائد کلینکس آن ویلز عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں، جبکہ آج صوبے کے تمام 41 اضلاع میں واسا کی سہولت موجود ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں بھی ترقیاتی منصوبے مکمل کیے اور نواز شریف کے دورِ حکومت میں پاکستان اور آزاد کشمیر نے یکساں ترقی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی عوامی خدمت کے آثار آج بھی پورے ملک میں نمایاں ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی گرین بس سروس جلد کوٹلی تک توسیع دی جائے گی، جبکہ آزاد کشمیر میں میڈیکل ڈسٹرکٹس، کارڈیالوجی سینٹرز، نوجوانوں کے لیے لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس بھی فراہم کیے جائیں گے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ مریم نواز آزاد کشمیر کے لیے "صاف ستھرا کشمیر” منصوبہ متعارف کرائیں گی، جبکہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے آزاد کشمیر کو سیف سٹی منصوبہ بھی دیا جائے گا۔ انہوں نے کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ اپنا ووٹ سوچ سمجھ کر استعمال کریں۔

مزید خبریں

Back to top button