ایکسپورٹ میں اضافہ ہی معاشی استحکام کی ضمانت، 60 ارب ڈالر ہدف حاصل کرنا ہوگا، رانا تنویر حسین

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی کے لیے برآمدات میں نمایاں اضافہ ناگزیر ہے، کیونکہ صرف ترسیلاتِ زر پر انحصار کرکے ملک کو معاشی طور پر مضبوط نہیں بنایا جا سکتا۔

لاہور کے ایکسپو سینٹر میں فیصل آباد ایکسپو کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا تیسرا بڑا شہر اور صنعتی مرکز ہے، جبکہ ریونیو کے لحاظ سے ملک کا دوسرا بڑا شہر شمار ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کاروباری برادری کے لیے ایسی پالیسیاں متعارف کرا رہے ہیں جن سے کاروباری سرگرمیوں اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح ایکسپورٹ بڑھانا ہے، کیونکہ کسی بھی ملک کی معاشی مضبوطی میں برآمدات بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان اس وقت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے تقریباً 41 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر حاصل کر رہا ہے، جو خوش آئند ہے، تاہم صرف ریمیٹنس پر انحصار کرتے ہوئے معیشت کو دیرپا بنیادوں پر مستحکم نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پائیدار معاشی ماڈل کی جانب بڑھنے کے لیے اپنی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق اس وقت بنگلہ دیش اور ویتنام کی برآمدات پاکستان سے زیادہ ہیں، اس لیے عالمی منڈی میں مسابقت کے لیے ایکسپورٹ بڑھانا ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت نے 60 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس کا مؤقف ہے کہ ملک کی برآمدات کو مستقبل میں 100 ارب ڈالر تک بھی لے جایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ پاکستان کو عالمی مالیاتی اداروں پر انحصار کم کرنے میں مدد دے گا۔ ان کے مطابق وزیرِ خزانہ اس وقت امریکا میں موجود ہیں اور پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے لیے 10 ارب ڈالر کے ممکنہ مالی تعاون پر کام کر رہے ہیں۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ فیصل آباد کی ٹیکسٹائل صنعت پاکستان کی برآمدات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، جبکہ پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کرنے والے اہم ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومتی پالیسیوں اور نجی شعبے کے تعاون سے ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button