سلمان عبداللہ مراد کی نواز شریف پر تنقید، بیان کو "سیاسی منافقت” قرار دے دیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے "سیاسی منافقت” قرار دیا اور کہا کہ عوام اب نعروں اور دعوؤں کے بجائے عملی کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ کرتے ہیں۔

سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے تینوں سرکاری میڈیکل کالجز پاکستان پیپلز پارٹی نے قائم کیے، جبکہ پانچوں سرکاری جامعات بھی پیپلز پارٹی کے دور میں بنائی گئیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی بتائے کہ اس نے کیا ترقیاتی کام کیے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا سیاسی طرزِ عمل صرف وعدے کرنے تک محدود ہے، جبکہ انتخابات کے دوران ترقی کے دعوے کیے جاتے ہیں لیکن بعد میں عوام کو نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔

ڈپٹی میئر کراچی کا کہنا تھا کہ نواز شریف، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مشورے دینے کے بجائے پہلے اپنی سیاسی کارکردگی اور ماضی کا محاسبہ کریں۔

سلمان عبداللہ مراد نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) جب بھی اقتدار میں آئی، سرکاری اداروں کو نقصان پہنچایا اور بعد میں انہیں فروخت یا آؤٹ سورس کرنے کی پالیسی اپنائی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کو بھی آؤٹ سورسنگ کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل اداروں کو ختم کرنا نہیں بلکہ ان کی اصلاح کرنا ہے۔ ان کے بقول، "اگر کسی کو کینسر ہو تو علاج کیا جاتا ہے، مریض کو ختم نہیں کیا جاتا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ عوام اب خالی دعوؤں، نعروں اور سیاسی بیانات سے متاثر نہیں ہوتے بلکہ حکومتوں کی عملی کارکردگی کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کرتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button